ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چوتھے مرحلہ کےانتخابات ؛ 9 ریاستوں کی 71 سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹ؛ 64 فیصد ریکارڈ کی گئی پولنگ؛ مغربی بنگال میں سب سے زیادہ ووٹنگ

چوتھے مرحلہ کےانتخابات ؛ 9 ریاستوں کی 71 سیٹوں پر ڈالے گئے ووٹ؛ 64 فیصد ریکارڈ کی گئی پولنگ؛ مغربی بنگال میں سب سے زیادہ ووٹنگ

Mon, 29 Apr 2019 13:55:07    S.O. News Service

بھٹکل 29/اپریل (ایس او نیوز)  عام انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں آج  پیر کو  9 ریاستوں کی 71 سیٹوں پر ووٹنگ مکمل ہوئی جس میں میڈیا سے ملی رپورٹوں کے مطابق 64 فیصد پولنگ درج کی گئی ہے۔

آج  پیر کو  مہاراشٹر کی 17، اتر پردیش کی 13، راجستھان کی 13، مغربی بنگال کی 8، اڈیشہ کی 6، بہار کی 5، جھارکنڈ کی 3 اور جموں و کشمیر کی ایک سیٹ میں انتخابات کئے گئے ۔ 

پولنگ کے دوران   مغربی بنگال کے  اسنسول میں تشدد کی وارداتیں   رونما ہونے کی اطلاعات ملی  تو وہیں مہاراشٹرا اور اُترپردیش کے کئی پولنگ بوتھوں میں ووٹنگ مشینیں خراب ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔

مغربی بنگال،بی جےپی اُمیدوار کی گاڑی پر حملہ

مغربی بنگال کے آسنسول پارلیمانی حلقہ سے ملی اطلاع کے مطابق  بی جے پی کے امیدوار بابل سپریو کے پولنگ بوتھ پر موجود ہونے کو لے کر  ووٹروں نے سخت اعتراض کیا۔ ایسے میں بتایا جارہا ہے کہ لوگوں نے ان کی  گاڑی پر حملہ کرکے  گاڑی میں  توڑ پھوڑ بھی کی۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  اس دوران ترنمول کانگریس کے کارکنان اور  حفاظتی دستوں  کے بیچ  جھگڑ ا شروع ہوگیا ۔یہ واردات  پولنگ بوتھ نمبر  199 کے باہر پیش آئی۔

راجستھان میں بھی  ای وی ایم خراب 

 راجستھان میں پہلے مرحلہ کی 13 سیٹوں پر آج صبح سات بجے سے جاری پولنگ کے دوران  بہت سے پولنگ مراکز پر ای وی ایم خراب ہونے سے ووٹنگ میں رکاوٹ آنے کی اطلاعات ملی۔

ذرائع کے مطابق بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر پولنگ مراکز پر پولنگ شروع ہوتے ہی قطاریں لگنی شروع ہوگئی ، لوگ صبح سے ہی ووٹ ڈالنے کی خواہش میں پیدل چلتے ہوئے اور  بعض ووٹرس اپنے ذرائع سے پولنگ مراکز پر پہنچے۔ پولنگ مراکز پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پہلے مرحلے میں جے پور دیہی ، اجمیر اور کوٹہ میں ای وی ایم خراب ہونے سے ووٹنگ میں رکاوٹ پیدا ہوگئی۔ جھالاواڑ میں ایک پولنگ اسٹیشن پر آدھا گھنٹہ تک بجلی نہ ہونے سے بھی ووٹنگ کی کارروائی متاثر ہوئی۔

 ساکشی مہاراج نے توڑی لائن؛ عوام ناراض 

اتر پردیش کے اناؤ سے بی جے پی امیدوار ساکشی مہاراج نے لمبی لائن کو درکنار کرتے ہوئے   ووٹ ڈالنے کے لئے بوتھ میں گھس گئے، ان کی اس حرکت سے  بوتھ پر موجود اپنی باری کے آنے کے انتظار میں پہلے سے  قطاروں میں کھڑے  لوگوں نے ہنگامہ آرائی شروع کر دی،  مگر بعد میں موقع پر موجود سیکورٹی اہلکاروں نے ووٹروں کو سمجھا بجھا کر اُنہیں پرسکون کیا۔

کئی اہم شخصیات نے کی ووٹنگ:

آج ہورہے چوتھے مرحلے کے انتخابات میں  بہار کے بیگو سرائے میں  سی پی آئی ایم کے اُمیدوار اور نوجوان لیڈر  کنہیا کمار نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا تو  ان  کے مخالف میدان میں کھڑے بی جےپی اُمیدوار ساکشی مہاراج نے بھی آج پولنگ میں حصہ لیا۔ ممبئی میں امیتابھ بچن، سچن تنڈولکر، بی جےپی  رکن پارلیمان  پریش راول،  معروف  شخصیت  انل امبانی ،  اُرمیلا ماتونڈکر،  مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کمل ناتھ،  متھورا سے بی جےپی اُمیدوار ہیما مالنی،  ان کی بیٹی  ایشہ دیول اور اہانا دیول ، مرکزی وزیر سمرتی ایرانی،  شیوسینا چیف اُدھو ٹھاکرے،  کرینہ کپور سمیت کئی اہم شخصیات نے آج ووٹنگ میں حصہ لیا۔

چوتھے مرحلہ میں 64 فیصد پولنگ:

چوتھے مرحلہ کے انتخابات میں  64 فیصد پولنگ ہونے کی الیکشن کمیشن نے  اطلاع دی ہے۔ اطلاع کے مطابق اُترپردیش میں شام چھ بجے تک  57.58 فیصد، اُڑیسہ میں  68 فیصد، مہاراشٹرا میں  58.23 فیصد اور  بہار میں  58.92 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

شام پانچ بجے تک ملی اطلاع کے مطابق مغربی بنگال میں سب سے زیادہ یعنی 76.44 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ  جھارکھنڈ میں  63.39 فیصد اور  مدھیہ پردیش میں  65.77 فیصد پولنگ درج کی گئی تھی۔


Share: